اہل بیت نیوز ایجنسی ابنا کی رپورٹ کے مطابق،پاکستانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان سجاد حیدر نے آج اسلام آباد میں ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران غزہ کے وسطی علاقوں میں اسرائیل کی جاری فوجی کارروائیوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔
ایرانی وزیرِ خارجہ سید عباس عراقچی کی جانب سے اسلامی تعاون تنظیم کے سیکریٹری جنرل سے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ کا ہنگامی اجلاس بلانے کی درخواست سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان اس تجویز کا خیرمقدم کرتا ہے، کیونکہ ایران اور پاکستان غزہ کے معاملے پر ہمیشہ قریبی مشاورت کرتے رہے ہیں۔
سجاد حیدر نے زور دے کر کہا کہ تہران اور اسلام آباد فلسطین کے صفِ اول کے حامیوں میں شامل ہیں اور پاکستان جہاں بھی ضرورت ہوگی، وہاں موجود ہوگا۔
انہوں نے خان یونس میں طبی مراکز پر اسرائیلی فضائی حملوں کی بھی مذمت کی اور عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ فلسطینیوں کے خلاف جاری جرائم پر اسرائیل کو جوابدہ بنانے کے لیے فوری ردعمل ظاہر کیا جائے۔
پاکستانی ترجمان نے مزید کہا کہ اسلام آباد 14 دیگر ممالک کے ساتھ اسرائیل کے خلاف برطانیہ اور آسٹریلیا کی جانب سے عائد کردہ پابندیوں کا خیرمقدم کرتا ہے۔ ان پابندیوں میں صہیونی آبادکاروں اور فلسطینی سرزمین پر غیر قانونی بستیوں کی تعمیر میں ملوث اداروں اور افراد کو نشانہ بنایا گیا ہے۔
انہوں نے علاقائی اور عالمی اہمیت کے حامل فریقوں کے ساتھ پاکستان کے مسلسل رابطوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ امن و استحکام کے فروغ کے لیے پاکستان، مصر، سعودی عرب اور ترکی کے وزرائے خارجہ کی یورپی گروپ فور (برطانیہ، جرمنی، فرانس اور اٹلی) کے ساتھ آئندہ مشترکہ اجلاس کی منصوبہ بندی جاری ہے۔
اسلام آباد میں اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے وزرائے خارجہ کے حالیہ اجلاس اور افغانستان کو دعوت نہ دینے کی وجہ بتاتے ہوئے سجاد حیدر نے کہا کہ تنظیم میں افغانستان کی رکنیت تاحال معطل ہے اور اسلام آباد افغانستان کی موجودہ حکومت کو تسلیم نہیں کرتا، اسی لیے اس ملک کو اجلاس میں شرکت کی دعوت نہیں دی گئی۔
انہوں نے سہ فریقی دفاعی معاہدے کے حوالے سے بتایا کہ اس معاہدے کے رکن ممالک کی دفاعی و سیاسی کمیٹی کا اگلا اجلاس رواں ماہ کے آخر میں اسلام آباد میں منعقد ہوگا۔
پاکستانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے ویانا میں صہیونی حکومت کے مستقل نمائندے اور اقوام متحدہ و دیگر بین الاقوامی تنظیموں میں پاکستان کے سفیر طاہر اندرابی کے درمیان ہونے والی حالیہ ملاقات کے بارے میں بھی وضاحت کی۔
اس ملاقات سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ اس اجلاس کی نوعیت ہرگز دوطرفہ نہیں تھی اور نہ ہی اس میں قومی سطح کے معاملات زیرِ بحث آئے، بلکہ یہ تخفیفِ اسلحہ کانفرنس کے طے شدہ ضوابط اور انتظامات کے تحت منعقد ہوا تھا۔
سجاد حیدر نے وضاحت کی کہ پاکستان کے مستقل نمائندے اس وقت تخفیفِ اسلحہ کانفرنس کی گردشی صدارت سنبھالے ہوئے ہیں اور حال ہی میں ترکی، ملائیشیا اور بنگلہ دیش کے نئے نمائندوں کی اسناد بھی وصول کر چکے ہیں۔ اسی سلسلے میں اسرائیل نے بھی اس کثیرالجہتی فورم کے 65 ارکان میں سے ایک کی حیثیت سے اپنی اسناد پیش کیں۔
پاکستانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ اسرائیل کے حوالے سے اسلام آباد کی پالیسی میں کبھی کوئی تبدیلی نہیں آئی۔ فلسطین کی حمایت اور مقبوضہ سرزمین کی آزادی کے لیے پاکستان کا عزم غیر متزلزل اور ناقابلِ تبدیلی رہے گا۔
آپ کا تبصرہ